ہفتہ، 16 فروری، 2019

The Lonely Lady

"The Lonely Lady"
                    (19.9.87)
                  "ڈاکٹر صابر حسین خان"

زمانا نارسا ہے
اور محبتوں کے سفیر ناپید ہیں
تمہاری آنکھوں میں یہ شکایت پڑھ کر
جب میں نے تم کو سلام محبت بھیجا ہے
تو اس کا جواب دینے میں
تم کو دیر نہیں کرنی چاہیے
ہوسکتا ہے تم اپنی خواہش کی سچائی کو
یوں اچانک سامنے پاکر
گھبرا گئی ہو
اور طرح طرح کی باتیں سوچنے لگی ہو
میں مانتا ہوں تمہاری ٹھہری ہوئی زندگی میں
یکایک بھونچال سا آگیا ہوگا
اور تمھیں یقیں کے در تک
دوبارہ پہنچنے کے لیے
تھوڑا سا وقت درکار ہوگا
لیکن مجھ کو اپنے مسافر دل کی
وحشتوں سے ڈر لگتا ہے
قدرت کی طرف سے میری فطرت کو
بے صبرا پن دیا گیا ہے
تمھاری طرف سے
سلام محبت کا جواب
جلد مل جائے تو اچھا ہے
ورنہ یہ بھی ہوسکتا ہے
کہ جب تمھاری آنکھیں
یقیں کے جذبے سے جگمگانے لگیں
اور تمھارے دل میں
کوئی فیصلہ سر اٹھانے لگے
میں اپنی عادت سے مجبور ہو کر
کسی اور سفر پر نکل چکا ہوں

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں