ہفتہ، 2 فروری، 2019

جنم دن 4 جنوری

"جنم دن" "4" جنوری"
                    (4.1.87)
                 "ڈاکٹر صابر حسین خان"

سارا کھیل ہتھیلیوں پہ بچھی
اندھی ریکھاوں کا ہوتا ہے
کس کا کس سے کس حد تک
کتنی دیر کا تعلق ہے
کون کب تک اور کہاں تک
کسی کے ساتھ رہتا ہے
وابستگی کی محبتوں کی
ان کہے وارفتہ جذبوں کی
ساری کہانیاں سب باتیں
نیلے آسماں کے پردوں میں
چھپی ہوئی لوح محفوظ پہ
پہلے سے لکھی ہوتی ہیں
ہو سکتا ہے کل ہمارا
اس سے کوئی بھی ربط نہ رہے
جو آج خوں کی حرارتوں میں
گلاب بن کر مہک رہا ہو
خوشبو بن کر پھیل رہا ہو
پھر بھی یہ دل چاہتا ہے
کہ سال نو کے سارے دن
اس ایک نام کے نام کردے
جس کی تسبیح پڑھتے پڑھتے
پچھلے برس کا آخری سورج
میری ویراں آنکھوں کی
بجھتی ہوئی سیاہ پتلیوں میں
آخیر شام اتر گیاتھا

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں